ہنگو پولیس کی بڑی کارروائی، سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز میں 6 ملزمان گرفتار، بھاری اسلحہ اور آئس برآمد

ہنگو پولیس کی بڑی کارروائی، سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز میں 6 ملزمان گرفتار، بھاری اسلحہ اور آئس برآمد

ہنگو: تھانہ سٹی پولیس نے حساس علاقوں میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے 6 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ، سینکڑوں کارتوس اور منشیات آئس برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں ضلع ہنگو میں کل سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کو پُرامن بنانے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ شاکر حسین داوڑ کے خصوصی احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو صلاح الدین کنڈی کی براہِ راست نگرانی میں ضلع بھر کے حساس علاقوں میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کارروائیوں کا مقصد شرپسند عناصر کی سرکوبی، غیر قانونی اسلحے کی روک تھام اور پولیو ٹیموں سمیت شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔

اسی سلسلے میں ڈی ایس پی سٹی عابد خان اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی جمشید علی خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ سٹی محمود عالم خان نے بھاری پولیس نفری کے ہمراہ مختلف حساس علاقوں میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا۔ پولیس ٹیموں نے شاہووام، وچ بازار، بہادر بانڈہ، سپین خاوری، سرکدانہ اور ان سے ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کیں۔

آپریشن کے دوران مشکوک ٹھکانوں کی تفصیلی تلاشی لی گئی، جبکہ مختلف مقامات پر مشتبہ افراد کی شناخت اور چیکنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران 6 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 ریپیٹر، 3 رائفلیں، 3 پستول اور ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد کیا۔ اس کے علاوہ مختلف بور کے 250 کارتوس اور 50 گرام منشیات آئس بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی۔

پولیس حکام کے مطابق حساس علاقوں میں کارروائیوں کا مقصد ممکنہ خطرات کا بروقت تدارک اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے، خصوصاً انسدادِ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی نے واضح کیا کہ ضلع میں پولیو مہم کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں رکاوٹ ڈالنے، امن و امان خراب کرنے یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے ادا کریں۔

 

More News