مریم نواز کا اٹک میں 23 ارب روپے کے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اٹک میں 23 ارب روپے کی لاگت سے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا، جن میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے 59 منصوبے بھی شامل ہیں۔
مریم نواز شریف کی اٹک آمد پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر عوام کا جم غفیر جمع ہوگیا۔ وزیراعلیٰ نے سکیورٹی حصار ہٹا کر شہریوں کو اپنے قریب بلایا اور بچوں کو ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے لیے مدعو کیا۔
افتتاح کیے جانے والے منصوبوں میں فتح جنگ پنڈی گھیب روڈ، ڈھوک لاہم تا جھمات روڈ اور مٹھیال چوک تا ڈھوک پٹھان روڈ سمیت دیگر سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے شامل ہیں۔
کامسیٹس یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کے درمیان رہنا اور ان سے براہ راست رابطہ رکھنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوام کو اسٹیج سے دور رکھا جاتا تھا، تاہم وہ عوام سے براہ راست ملاقات اور ان کے مسائل سننے کو اہمیت دیتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مشکلات سے گھبرانے اور ہمت ہارنے کے بجائے ثابت قدم رہنا چاہیے۔ عوام کی خدمت سے جو سکون ملتا ہے، وہ کہیں اور نہیں مل سکتا۔
مریم نواز نے کہا کہ آج ہونہار بچے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ ان کے مطابق اٹک کے بازار کو خوبصورت بنایا گیا ہے جبکہ بارش کے بعد پانی میں ڈوبنے والے شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
کرپشن کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر کوئی ثابت کر دے کہ انہوں نے ایک روپیہ بھی کرپشن کی ہے تو وہ اللہ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گی۔








