کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس کا گرلز ہائر سیکنڈری سکول کا دورہ، مرمت اور سہولیات کی فراہمی کی ہدایت
ٹل: کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس محمد عدیل احمد نے مقامی مشران کے ہمراہ ٹل گرلز ہائر سیکنڈری سکول کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکول کی عمارت، بنیادی سہولیات اور ضروری مرمت کے کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس نے سکول میں درپیش مسائل اور طالبات کو دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا اور ڈپٹی کمشنر کو ضروری مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ٹل سکاؤٹس کی جانب سے بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس نے پاک فوج کی جانب سے نوجوانوں کے لیے مجوزہ سپورٹس گراؤنڈ کی جگہ کا بھی معائنہ کیا اور گراؤنڈ کی تعمیر کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر محمد عدیل احمد کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور تعلیم و کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پاک فوج عوامی فلاح و بہبود، تعلیمی اداروں کی بہتری اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکول کی ضروری مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا تاکہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے۔
مقامی مشران نے تعلیمی ادارے کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی میں دلچسپی لینے پر کمانڈنٹ ٹل سکاؤٹس کا شکریہ ادا کیا۔








