برطانیہ میں میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے ایک ہزار سال قدیم طلائی ہار دریافت

برطانیہ میں میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے ایک ہزار سال قدیم طلائی ہار دریافت

برطانیہ میں خزانے کی تلاش کے دوران ایک شخص نے میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے تقریباً ایک ہزار سال قدیم سونے کا ہار دریافت کرلیا، جس کی ممکنہ مالیت لاکھوں پاؤنڈ بتائی جارہی ہے۔

یہ نایاب دریافت نارتھ ہیمپٹن سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ نک بیری نے ہیمپشائر کے گاؤں ایشمنزورتھ (Ashmansworth) کی ایک زرعی زمین پر کی۔ وہ دو دیگر افراد کے ہمراہ میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے زمین میں چھپی قیمتی اشیا تلاش کررہے تھے کہ انہیں ایک مقام پر غیر معمولی سگنل موصول ہوا۔

نک بیری کے مطابق انہوں نے سگنل کی جگہ کھدائی کی تو زمین میں سونے کی جھلک دکھائی دی۔ ہار کو باہر نکالنے کے بعد وہ حیران رہ گئے، کیونکہ یہ صدیوں تک زمین میں دبے رہنے کے باوجود تقریباً بہترین حالت میں موجود تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ 30 سال سے زائد عرصے سے میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے خزانے کی تلاش کررہے ہیں، تاہم اس سے پہلے انہیں ایسی نایاب چیز نہیں ملی۔ ان کے بقول ہار دریافت ہونے کا لمحہ ان کے لیے انتہائی جذباتی تھا اور اسے دیکھتے ہی انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ کوئی غیر معمولی اور قدیم نوادرات ہے۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق یہ طلائی ہار نویں یا دسویں صدی عیسوی سے تعلق رکھتا ہے۔ دریافت کے مقام سے مزید کوئی نوادرات نہیں ملے، جس سے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہار کا مالک اسے اتفاقاً وہاں گرا بیٹھا تھا اور یہ ایک ہزار سال سے زائد عرصے تک زمین میں دبا رہا۔

برطانوی قوانین کے تحت اگر کسی میوزیم یا سرکاری ادارے کی جانب سے اس ہار کو خریدا جاتا ہے تو دریافت کرنے والے نک بیری اور زمین کے مالک کو اس کی مالیت کے مطابق مقررہ حصے کی رقم مل سکتی ہے۔

تاحال ہار کی حتمی قیمت کا تعین نہیں کیا گیا، تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق اس کی مالیت لاکھوں پاؤنڈ تک ہوسکتی ہے۔ اس دریافت کو برطانیہ میں قدیم نوادرات کی تلاش کے حوالے سے ایک غیر معمولی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

More News