سرکاری ڈیوٹی سے غیر حاضری کا سخت نوٹس، 25 لیڈی میڈیکل افسران ملازمت سے برطرف
بلوچستان میں سرکاری ڈیوٹی سے غیر مجاز طور پر غیر حاضر رہنے والی 25 لیڈی میڈیکل افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت بلوچستان نے فرائض میں غفلت اور مسلسل غیر حاضری پر کارروائی کرتے ہوئے برطرفی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ لیڈی میڈیکل افسران طویل عرصے سے اپنی سرکاری ذمہ داریاں انجام نہیں دے رہی تھیں۔ ان کی غیر حاضری کو دانستہ اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے محکمانہ کارروائی مکمل کی گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان ایمپلائز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ 2011 کے سیکشن 4 (b) (vii) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ برطرفی کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
ملازمت سے فارغ کی جانے والی لیڈی میڈیکل افسران کوئٹہ کے سول اسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس اور صوبے کے دیگر اضلاع کے سرکاری اسپتالوں میں تعینات تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ملازمین کی حاضری اور فرائض کی انجام دہی یقینی بنانا ضروری ہے۔ ڈیوٹی سے غیر حاضری اور سرکاری ذمہ داریوں میں غفلت کے باعث صحت کے شعبے میں عوامی خدمات متاثر ہوتی ہیں، جس پر محکمہ صحت نے سخت کارروائی کی ہے۔
اس اقدام کو سرکاری اسپتالوں میں عملے کی حاضری یقینی بنانے اور انتظامی معاملات بہتر کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری فرائض میں غفلت اور غیر مجاز غیر حاضری کے معاملات پر محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔








