پاکستان اور سری لنکا کا گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثے کے تحفظ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے سری لنکا کے 16 رکنی اعلیٰ سطح کے بدھ مت وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گندھارا تہذیب، بدھ مت کے تاریخی ورثے اور آثار قدیمہ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ تاریخی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے پاکستان میں موجود بدھ مت کے تاریخی مقامات اور گندھارا تہذیب سے وابستہ آثار میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پاکستان کا تاریخی اور ثقافتی ورثہ نہ صرف ملک کی شناخت ہے بلکہ خطے کی مشترکہ تہذیبی تاریخ کا بھی اہم حصہ ہے۔ گندھارا تہذیب دنیا بھر میں بدھ مت کے پیروکاروں اور تاریخ و آثار قدیمہ سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بدھ مت کے تاریخی مقامات کے تحفظ، بحالی اور عالمی سطح پر تشہیر کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ سری لنکا کے ساتھ ثقافتی تعاون کو فروغ دینے سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
ملاقات میں آثار قدیمہ کے ماہرین کے تبادلوں، تاریخی مقامات پر تحقیق، مذہبی سیاحت کے فروغ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے تعاون کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔
سری لنکن وفد نے پاکستان کی جانب سے بدھ مت کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اہم قرار دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کا گندھارا خطہ بدھ مت کی قدیم تاریخ اور تہذیب کا ایک اہم مرکز رہا ہے۔ ٹیکسلا، تخت بھائی اور دیگر تاریخی مقامات اس تہذیب کی نمایاں یادگاریں ہیں، جو عالمی ثقافتی ورثے میں خصوصی مقام رکھتے ہیں۔








