وزیراعظم شہباز شریف کا ایل پی جی درآمد کرکے عوام کو ریلیف دینے کا اعلان
پیٹرول ریلیف پیکج کے لیے 28 ارب روپے مختص، خیبرپختونخوا کے سیکیورٹی پیکج کے لیے بھی 160 ارب روپے فائنل
وزیراعظم شہباز شریف نے ایل پی جی درآمد کرکے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے اور حکومت عوام کو سہولت دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرول ریلیف پیکج سے عوام مستفید ہو رہے ہیں، اس مقصد کے لیے 28 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جو پیٹرول پمپس ریلیف پیکج کے تحت عوام کو پیٹرول فراہم نہیں کر رہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں بدامنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ ہے اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہو رہی ہیں۔ گزشتہ جمعے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافے کا امکان تھا، تاہم حکومت نے ریفائنریز سے کہا کہ قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے قیمتوں میں اضافے کو روکنے پر وزیر پیٹرولیم اور ان کی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان خطے میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے معاہدہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے سیکیورٹی پیکج کے لیے 160 ارب روپے فائنل کر دیے گئے ہیں۔ وفاق اور صوبے کے باہمی تعاون سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔








