چوروں کے جانے پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا، امیر مقام
وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا اور اسے نجات کا دن قرار دیا۔
اپنے ایک بیان میں امیر مقام کا کہنا تھا کہ سابقہ حکمرانوں کے جانے پر لوگوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور خوشی منائی۔ ان کے مطابق صوبے میں حکومت کی تبدیلی کے بعد کسی بڑے احتجاج یا عوامی ردعمل کا سامنے نہ آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ سابقہ دورِ حکومت سے مطمئن نہیں تھے۔
امیر مقام نے تحریک انصاف کی سابقہ صوبائی حکومت پر کرپشن، سرکاری وسائل کے غلط استعمال اور عوامی مسائل کو نظر انداز کرنے کے الزامات عائد کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خزانے سے مبینہ طور پر لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، تاہم قومی وسائل کے غلط استعمال میں ملوث افراد کا احتساب ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا میں ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔








