واٹس ایپ چیٹ میں تازہ تصاویر اور ویڈیوز سے متعلق تجاویز کا فیچر شامل

واٹس ایپ کا نیا فیچر متعارف، چیٹ کھولتے ہی تازہ تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کی تجویز ملے گی

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ایک نیا دلچسپ فیچر متعارف کرانا شروع کردیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کو چیٹ کھولتے ہی اپنی گیلری میں موجود تازہ ترین تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کی تجویز دی جائے گی۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کے لیے میڈیا شیئرنگ کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانا ہے۔

نئے فیچر کے تحت جب کوئی صارف واٹس ایپ پر کسی کی انفرادی یا گروپ چیٹ کھولے گا تو چیٹ بار کے اوپر گیلری میں موجود حالیہ تصویر یا ویڈیو کا تھمب نیل دکھائی دے گا۔ بعض صارفین کے لیے کیمرے کا آئیکون عارضی طور پر تبدیل ہوکر تازہ میڈیا فائل کے تھمب نیل کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔

اس سہولت کے ذریعے صارفین کو بار بار گیلری کھولنے اور اپنی مطلوبہ تصویر یا ویڈیو تلاش کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ چیٹ کھولتے ہی حالیہ میڈیا فائل تک فوری رسائی حاصل ہوسکے گی۔

تاہم واٹس ایپ کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ تجویز خودکار طور پر تصویر یا ویڈیو بھیجنے کا سبب نہیں بنے گی۔ صارف کو تھمب نیل پر ٹیپ کرنا ہوگا، جس کے بعد میڈیا ایڈیٹنگ کا آپشن کھل جائے گا۔ اس مرحلے پر صارف اپنی مرضی کے مطابق تصویر یا ویڈیو میں تبدیلی کرسکے گا، اس پر کیپشن لکھ سکے گا اور اسٹیکرز بھی شامل کرسکے گا۔ اس کے بعد ہی میڈیا فائل بھیجنے کا فیصلہ صارف خود کرے گا۔

صارفین چاہیں تو اس تجویز کو نظر انداز کرکے معمول کے مطابق اپنی چیٹنگ جاری رکھ سکتے ہیں۔ اس فیچر میں صرف کیمرے سے لی گئی تصاویر ہی نہیں بلکہ اسکرین شاٹس اور دیگر ایپس سے محفوظ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل ہوسکتی ہیں۔

واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر صارفین کے اکاؤنٹس پر دستیاب ہوتے ہی خودکار طور پر فعال ہوجائے گا۔ تاہم جو صارفین اس سہولت کو استعمال نہیں کرنا چاہتے، وہ واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر چیٹس کے آپشن کے ذریعے ریسنٹ میڈیا سجیشن کو بند کرسکتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے اس فیچر کی فراہمی مرحلہ وار جاری ہے اور توقع ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے مزید صارفین کو بھی یہ سہولت دستیاب ہوجائے گی۔

More News