پشاور میں گیس سلنڈر دھماکا، گھر کی چھت گرنے سے خاتون اور چار بچے زخمی
پشاور کے علاقے بجگی روڈ کے قریب گیس سلنڈر دھماکے کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور چار بچے زخمی ہوگئے۔ واقعہ گزشتہ شب پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی تین ایمبولینسز اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران دو بچوں کو تشویشناک حالت میں ملبے سے نکال کر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ زخمی ہونے والے دیگر دو بچوں اور ایک خاتون کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ واقعے میں گھر کی چھت گرنے سے عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔








