پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی منظوری، 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ لانے کا فیصلہ
وفاقی کابینہ نے پاکستان میں کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری اور ڈیزائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نئے ڈیزائن کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز طلب کی گئی تھیں، جبکہ وزیراعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے جدید سکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ نوٹوں کی تیاری میں جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا تاکہ ان کی پائیداری اور استعمال کی مدت میں اضافہ ہو سکے۔
وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے کاغذی نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کو ملک کے کرنسی نظام میں ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔








