پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 3 ہزار 301 افراد کے چالان، کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی

پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 3 ہزار 301 افراد کے چالان، کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی

پشاور میں سٹی ٹریفک پولیس نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، کالے شیشوں، فلش لائٹس اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 3 ہزار 301 افراد کے خلاف جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کالے شیشے استعمال کرنے پر ایک ہزار 601 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ فلش لائٹس لگانے پر 203 اور غیر رجسٹرڈ گاڑیاں چلانے پر ایک ہزار 201 افراد کو جرمانے کیے گئے۔

اسی طرح فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر 296 افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ٹریفک پولیس نے خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں سے کالے شیشے، غیر قانونی فلش لائٹس اور فینسی نمبر پلیٹس بھی اتار دیں۔

چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، گاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل رکھیں اور غیر قانونی لائٹس، کالے شیشوں اور فینسی نمبر پلیٹس کے استعمال سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔

More News