پاکستان میں ٹک ٹاک پرپابندی؟ پی ٹی اے نے وضاحت کر دی

پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کی افواہیں، پی ٹی اے نے وضاحت جاری کردی

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان میں مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کی تردید کرتے ہوئے اسے غلط اور گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔

پی ٹی اے نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر جاری وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اتھارٹی کی جانب سے ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی ایپ پر کسی قسم کی نئی پابندی عائد کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر یقین نہ کریں اور ایسی خبروں کو تصدیق کے بغیر آگے شیئر کرنے سے گریز کریں۔

پی ٹی اے کے مطابق کسی بھی قسم کی مستند اور تازہ معلومات کے لیے اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ اور تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رجوع کیا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ماضی میں غیر اخلاقی مواد کی شکایات پر ٹک ٹاک کو متعدد مرتبہ عارضی طور پر بند کیا جاچکا ہے۔ پہلی مرتبہ اکتوبر 2020 میں ایپ کو بلاک کیا گیا تھا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے مواد کی نگرانی بہتر بنانے کی یقین دہانی کے بعد تقریباً 10 روز میں پابندی ختم کردی گئی تھی۔

اس کے بعد مارچ، جون اور جولائی 2021 میں بھی ٹک ٹاک کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم نومبر 2021 میں مواد کی نگرانی سے متعلق یقین دہانی کے بعد ایپ کو دوبارہ بحال کردیا گیا تھا۔

ٹک ٹاک چینی کمپنی بائٹ ڈانس کی ملکیت ہے اور دنیا کے مختلف ممالک میں اسے قومی سلامتی، ڈیٹا کے تحفظ اور سائبر سیکیورٹی سمیت مختلف خدشات کی بنیاد پر پابندیوں کا سامنا رہا ہے۔ بھارت نے جون 2020 میں ٹک ٹاک پر مکمل پابندی عائد کی تھی، جبکہ افغانستان، ایران اور کرغزستان میں بھی اس کے استعمال پر پابندی کی اطلاعات موجود ہیں۔

امریکا میں وفاقی اداروں اور 30 سے زائد ریاستوں میں سرکاری ڈیوائسز پر ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندیاں عائد ہیں۔ برطانیہ، فرانس، جرمنی، ہالینڈ، ڈنمارک، ناروے، کینیڈا، آسٹریلیا اور تائیوان میں بھی سرکاری اہلکاروں اور اداروں کے فونز پر اس ایپ کے استعمال کی ممانعت ہے۔

دوسری جانب چین میں بین الاقوامی ٹک ٹاک ایپ دستیاب نہیں، بلکہ اس کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس وہاں مقامی قوانین کے تحت ’ڈوئین‘ کے نام سے الگ ایپ چلاتی ہے۔

More News