پی سی بی کا قومی کرکٹرز کو افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے این او سی نہ دینے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کو افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) میں شرکت کے لیے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی لیگ میں شرکت کا معاملہ غیر یقینی ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم کو بھی افغانستان پریمیئر لیگ میں مینٹور کی حیثیت سے کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے پی سی بی کی پالیسی کے خلاف جانے سے گریز کرتے ہوئے یہ پیشکش قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی نے بھی اپنی پالیسی کے تحت قومی کرکٹرز کو افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے این او سی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے باعث پاکستان کے موجودہ قومی کھلاڑی لیگ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ میں شامل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے برطانوی شہری کی حیثیت سے لیگ میں رجسٹریشن کرائی اور قندھار واریئرز نے انہیں پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا ہے، جس کے تحت انہیں ایک لاکھ امریکی ڈالر معاوضہ ملے گا۔
پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد افغانستان پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کے حوالے سے نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔








