خیبر: 40 سالہ دیرینہ دشمنی دوستی میں تبدیل، دو خاندانوں کے درمیان صلح
ضلع خیبر میں چار دہائیوں سے جاری دیرینہ دشمنی دوستی میں تبدیل ہوگئی، جہاں مقامی عمائدین اور مشران کی کوششوں سے دو خاندانوں کے درمیان صلح کرا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان گزشتہ 40 سال سے دشمنی چلی آ رہی تھی، جس کے باعث تعلقات کشیدہ تھے۔ تاہم علاقے کے مشران اور معززین نے امن و بھائی چارے کے قیام کے لیے کردار ادا کرتے ہوئے دونوں خاندانوں کو مذاکرات پر آمادہ کیا۔
مصالحتی عمل کے دوران دونوں فریقین نے ایک دوسرے کو معاف کرتے ہوئے آئندہ کے لیے دشمنی ختم کرنے اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزارنے کا عہد کیا۔
اس موقع پر مقامی عمائدین نے صلح کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی معاشرے میں اختلافات اور دشمنیوں کے خاتمے کے لیے جرگوں اور مشران کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے دونوں خاندانوں پر زور دیا کہ وہ اس معاہدے کی پاسداری کریں اور علاقے میں امن و اتحاد کو فروغ دیں۔
چار دہائیوں پر محیط دشمنی کا خاتمہ علاقے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دیگر خاندانوں کو بھی تنازعات بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کا پیغام ملتا ہے۔








