لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، ایئر کوالٹی انڈیکس 458 تک پہنچ گیا، ملتان میں صورتحال مزید خراب
لاہور میں فضائی آلودگی کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا، شہر 458 ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔
فضائی آلودگی کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 244 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے جبکہ کولکتہ 235 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں ملتان کی فضائی آلودگی سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، جہاں اے کیو آئی 719 تک پہنچ گیا۔ اسی طرح کاہنہ نو میں 655، سی ای آر پی آفس میں 611، برکی روڈ پیراگون میں 609، علامہ اقبال ٹاؤن میں 583 اور رائیونڈ میں 511 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں صبح 7 بجے آلودگی کی سطح 430 ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 70 پوائنٹس زیادہ ہے۔ صوبائی اعدادوشمار میں قصور 462 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ لاہور 430 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں وہاڑی کا اے کیو آئی 378، پاکپتن 374، راجن پور 366، جھنگ 346 اور مظفرگڑھ 340 ریکارڈ کیا گیا۔
فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے کے باعث لاہور، ملتان اور پنجاب کے متعدد دیگر شہروں میں شہریوں کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں، جبکہ آلودہ فضا کے اثرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہوگیا ہے۔








