خیبر پختونخوا محکمہ صحت میں تقرر و تبادلہ، ڈاکٹر قاسم عباس کو ٹی بی کنٹرول پروگرام کا اضافی چارج سونپ دیا گیا
پشاور: خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت میں اہم تقرر و تبادلہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر آئی ایم یو ڈاکٹر قاسم عباس کو ٹی بی کنٹرول پروگرام کا اضافی چارج تفویض کر دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
محکمہ صحت کے اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر قاسم عباس کو ٹی بی کنٹرول پروگرام کی ذمہ داریاں 90 روز کے لیے یا مستقل پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک سونپی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے تحت ٹی بی کنٹرول پروگرام فیز ٹو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مدثر شاہزاد کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی خدمات فوری طور پر ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں تقرر و تبادلے کے احکامات پر عمل درآمد فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس اقدام کے بعد ٹی بی کنٹرول پروگرام کی انتظامی ذمہ داریاں عارضی طور پر ڈاکٹر قاسم عباس کے پاس رہیں گی، جبکہ مستقل پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک وہ اضافی چارج سنبھالیں گے۔








