عباسی شہید اسپتال کے نئے بلاک کی او پی ڈی کا افتتاح، مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم ہوں گی، مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عباسی شہید اسپتال کے نئے تعمیر ہونے والے بلاک کی او پی ڈی کا افتتاح کردیا، جس سے شہریوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
افتتاحی تقریب میں سٹی کونسل کے اراکین، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور شہریوں کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ نئے بلاک میں خصوصی بچوں کے لیے بھی علیحدہ انتظام کیا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے تعاون سے ان کے لیے الگ بلاک تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔
میئر کراچی نے ادویات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب عام مریضوں کو اسپتال سے ادویات نہیں ملتیں تو پروکیورمنٹ کا کیا فائدہ؟ مؤثر نظام قائم ہونے تک ادویات کی خریداری نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد فوری کارروائی کی گئی ہے اور گریڈ 18 کے افسر حنان بھٹو انکوائری کر رہے ہیں۔ رپورٹ مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، اگر ان کی اپنی شمولیت ثابت ہوئی تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ محکمہ صحت اور میڈیکل کے معاملات میں مزید انکوائریز بھی جاری ہیں۔







