اسپین کا یوکرین کے لیے 437 ملین یورو کے فوجی امدادی پیکج کا اعلان

اسپین کا یوکرین کے لیے 437 ملین یورو کے فوجی امدادی پیکج کا اعلان

اسپین نے روس کے ساتھ جاری جنگ کے دوران یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے 437 ملین یورو، تقریباً 490 ملین ڈالر کے نئے فوجی امدادی پیکج کا اعلان کردیا ہے۔ اس امداد کا مقصد یوکرین کو روسی میزائل اور ڈرون حملوں سے تحفظ فراہم کرنے اور اس کی فوری دفاعی ضروریات پوری کرنے میں مدد دینا ہے۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے 5 نومبر 2026 کو اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں وزیراعظم پیڈرو سانچیز سے ملاقات کے بعد امدادی پیکج کی تصدیق کی۔ انہوں نے یوکرین کی مسلسل حمایت پر اسپین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں دفاعی تعاون اور ملک کی فوری ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران زیلنسکی نے اسپین کے وزیراعظم کو یوکرین کے توانائی کے نظام، بجلی کی ترسیل، پانی کی فراہمی، لاجسٹکس اور ریلوے نیٹ ورک پر روسی حملوں سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔

یوکرینی صدر کے مطابق رواں سال روسی حملوں میں بڑی تعداد میں انجن اور لوکوموٹیوز تباہ یا متاثر ہوئے ہیں، جس سے ریلوے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے دارالحکومت کیف کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بجلی اور پانی کی فراہمی کے نظام مسلسل حملوں کی زد میں ہیں، جس کے باعث فوجی امداد کے ساتھ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون بھی ناگزیر ہوگیا ہے۔

اسپین کی جانب سے اعلان کردہ امدادی پیکج کو یوکرین کی دفاعی ضروریات اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

More News