بلوچستان پولیس اور نادرا کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی سروسز کی فراہمی کا معاہدہ

بلوچستان پولیس اور نادرا کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی سروسز کی فراہمی کا معاہدہ

بلوچستان پولیس اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت پولیس کو ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم سمیت جدید ٹیکنالوجی سے لیس مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

کوئٹہ میں معاہدے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر، ڈی جی نادرا سہیل جہانگیر اور دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

معاہدے کے تحت بلوچستان پولیس کو ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم فراہم کیا جائے گا، جبکہ آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کی بائیومیٹرک تصدیق بھی ممکن ہوگی۔ اس نظام کے ذریعے شناختی کارڈز اور دیگر ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کو مزید مؤثر بنایا جاسکے گا۔

اس کے علاوہ نادرا کی فرانزک ایپ کے ذریعے فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے جرائم کی تفتیش، مشتبہ افراد کی شناخت اور پولیس کی تحقیقات میں مدد ملے گی۔

حکام کے مطابق معاہدے میں شہریوں کے ذاتی کوائف کے تحفظ اور رازداری کو یقینی بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

نادرا اور بلوچستان پولیس کے حکام نے اس تعاون کو صوبے میں جدید ڈیجیٹل پولیسنگ کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے شفاف، مؤثر اور عوام دوست پولیسنگ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

More News