پشاور میں نادرا آفس کے عقب میں فائرنگ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد جاں بحق، ابتدائی تحقیقات میں خاندانی دشمنی کا انکشاف

پشاور میں نادرا آفس کے عقب میں فائرنگ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد جاں بحق، ابتدائی تحقیقات میں خاندانی دشمنی کا انکشاف

پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 5 میں نادرا آفس کے عقب میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کے مطابق مقتول کی شناخت فہد ولد شاروم کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق کافور ڈھیری سے تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ابتدائی تحقیقات کا آغاز کیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل کی وجہ سابقہ خاندانی دشمنی معلوم ہوتی ہے، جبکہ واقعے میں دہشت گردی کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واردات میں ملوث افراد کی نقل و حرکت اور فرار کے راستوں کا سراغ لگایا جا سکے۔

سی سی پی او کے مطابق واقعے کے اصل حقائق سامنے لانے کے لیے مختلف تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہیں۔ پولیس ملزمان کا سراغ لگانے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے اور مزید شواہد سامنے آنے کے بعد واقعے سے متعلق حقائق واضح ہوں گے۔

 

More News

Breaking

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح، پولیس کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح، پولیس کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے

Read More »