ڈی جی آئی ایس پی آر کا لاہور کی تین جامعات کا دورہ، طلبہ سے اہم امور پر گفتگو

ڈی جی آئی ایس پی آر کا لاہور کی تین جامعات کا دورہ، طلبہ سے اہم امور پر گفتگو

ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے لاہور کی تین بڑی جامعات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ خصوصی نشستوں میں شرکت کی اور مختلف قومی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان پاک فوج نے یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مختلف موضوعات پر سوالات کیے، جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے جامع اور مدلل جوابات دیے۔

نشستوں کے دوران افغانستان سمیت خطے کی جغرافیائی و سیاسی صورتحال، امن و استحکام کے قیام اور اس حوالے سے پاک فوج کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ طلبہ کو اہم قومی اور علاقائی معاملات کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔

طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے جامعات کے دوروں اور براہِ راست مکالمے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے سیشنز نوجوانوں کو اہم قومی امور پر اپنے خیالات کے اظہار اور سوالات کے ذریعے بہتر سمجھ بوجھ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی نشستوں کے انعقاد پر زور دیا۔

اس موقع پر طلبہ نے معرکہ حق میں کامیابی پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ملک کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

More News