کراچی ایئرپورٹ کے قریب ڈسپنسری میں عمرہ زائرین کی ویکسینیشن بند

کراچی ایئرپورٹ کے قریب ڈسپنسری میں عمرہ زائرین کی ویکسینیشن بند

کراچی: کراچی ایئرپورٹ کے قریب واقع ڈسپنسری میں عمرہ زائرین سمیت سعودی عرب جانے والے مسافروں کو ویکسین لگانے کا سلسلہ روک دیا گیا ہے، جبکہ ایئرپورٹ پر قائم ویکسینیشن کاؤنٹر بھی گزشتہ ماہ بند کردیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز کی جانب سے ہفتے کے روز ڈسپنسری میں گردن توڑ بخار اور انفلوئنزا کی ویکسین لگانے کا عمل بند کردیا گیا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز زبانی احکامات جاری کیے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا ایپ کے ذریعے ویکسین کی پیشگی ادائیگی کرنے والے مسافروں کو جمعے تک ویکسین لگائی جاتی رہی، تاہم وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے جاری تحقیقات کے باعث مبینہ طور پر لازمی ویکسینیشن کا عمل روک دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر قائم ویکسینیشن کاؤنٹر بھی گزشتہ ماہ بند کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب بارڈر ہیلتھ سروسز نے 20 نومبر سے لازمی ویکسینیشن دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے مراسلہ جاری کر رکھا ہے، تاہم متعلقہ وزارت کی جانب سے ویکسین کی خریداری کے لیے جاری ٹینڈر بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

ویکسینیشن کی بندش سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین اور دیگر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

More News