پی ٹی اے اور میٹا کی مشترکہ کارروائی، ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک

پی ٹی اے اور میٹا کی مشترکہ کارروائی، ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے تعاون سے سائبر فراڈ کی روک تھام کے لیے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی دوبارہ جاری کیے جانے والے موبائل نمبرز سے منسلک اکاؤنٹس کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے کی گئی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق غیر فعال یا منسوخ شدہ سموں کے ذریعے رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس فراڈ کی سرگرمیوں میں استعمال ہونے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے اتھارٹی نے میٹا کے ساتھ تقریباً ایک کروڑ ری سائیکل شدہ موبائل نمبرز کی فہرست شیئر کی ہے، تاکہ ان نمبرز سے منسلک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کی جا سکے۔

حکام کے مطابق دونوں اداروں کے درمیان ماہانہ بنیادوں پر پانچ ہزار دوبارہ جاری کیے گئے موبائل نمبرز کی فہرست شیئر کرنے کا معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس اس وقت تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ ری سائیکل شدہ نمبرز موجود ہیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اگر کسی صارف کی سم منسوخ ہونے کے باوجود اس سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ فعال رہے تو نیا نمبر حاصل کرنے والا شخص یا سائبر مجرم اس اکاؤنٹ کا غلط استعمال کر سکتا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران میٹا نے موصول ہونے والی 82 فیصد شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مسائل حل کیے۔ اس مشترکہ اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کے ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانا، مالی فراڈ کی روک تھام اور موبائل نمبرز کے غیر قانونی استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

More News