پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے آغاز کی راہ ہموار، 6 کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل

پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے آغاز کی راہ ہموار، 6 کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل

پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کے آغاز کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اب تک چھ مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹریشن کروا لی ہے۔ اس پیش رفت سے ملک میں جدید سیٹلائٹ انٹرنیٹ ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

ایس ای سی پی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) کے قیام کے بعد چار نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن مکمل کرائی ہے۔ تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف کمپنی کی رجسٹریشن سے اسے پاکستان میں تجارتی بنیادوں پر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کی اجازت نہیں ملتی۔

ایس ای سی پی کے مطابق سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کے آغاز کے لیے پی ایس اے آر بی کا این او سی حاصل کرنا لازمی ہے۔ دوسری جانب اسٹارلنک، گلیکسی اسپیس اور اسپیس سیل پاکستان کے غیر ملکی ڈائریکٹرز اور شیئر ہولڈرز کی سیکیورٹی کلیئرنس وزارت داخلہ میں تاحال زیر التوا ہے، جس کے باعث لائسنسنگ کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔

حکام کے مطابق وزارت داخلہ سے سیکیورٹی کلیئرنس اور پی ایس اے آر بی کا این او سی ملنے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) متعلقہ کمپنیوں کو لائسنس جاری کرے گی۔

تمام قانونی، ریگولیٹری اور سیکیورٹی تقاضے مکمل ہونے کے بعد ہی پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی باقاعدہ تجارتی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

More News