ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ، سرکاری نرخوں سے تقریباً دوگنا مہنگی فروخت
ملک بھر میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف شہروں میں ایل پی جی سرکاری نرخوں کے بجائے من مانے داموں فروخت کی جا رہی ہے، جہاں فی کلو قیمت 520 سے 600 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ سرکاری قیمتیں تقریباً 294 سے 360 روپے فی کلو کے درمیان مقرر ہیں۔
لاہور میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے فی کلو ہے، تاہم مارکیٹ میں صارفین کو 550 سے 600 روپے فی کلو کے حساب سے گیس خریدنا پڑ رہی ہے۔ کراچی میں سرکاری نرخ 295 روپے کے مقابلے میں ایل پی جی 520 سے 540 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
ملتان میں بھی 295 روپے سرکاری قیمت کے باوجود گیس 550 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ فیصل آباد میں سرکاری قیمت تقریباً 290 روپے ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں فی کلو نرخ 600 روپے تک پہنچ چکے ہیں۔
پشاور میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں 550 سے 570 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح کوئٹہ میں سرکاری نرخ 360 روپے کے مقابلے میں گیس 520 سے 540 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔
اسلام آباد میں بھی صورتحال مختلف نہیں، جہاں 295 روپے سرکاری قیمت کے بجائے ایل پی جی 567 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ گھریلو سلنڈر کی سرکاری قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے ہے، جبکہ مارکیٹ میں صارفین سے 6 ہزار 700 روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری اور مارکیٹ نرخوں میں اس بڑے فرق نے گھریلو صارفین کے بجٹ کو متاثر کر دیا ہے، جبکہ شہریوں نے ایل پی جی کی قیمتوں پر سرکاری کنٹرول اور منافع خوری کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔








