دریائے سندھ کا پانی مضرِ صحت قرار، شہریوں کو پینے سے گریز کرنے کی ہدایت
دریائے سندھ کے پانی میں زہریلے اور مضرِ صحت اجزا کی مقدار خطرناک حد تک بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد حکام نے جامشورو، حیدرآباد اور کوٹری کے شہریوں کو دریا کا پانی پینے کے لیے استعمال نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ حکام کے مطابق آلودہ پانی انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔
اس حوالے سے انجینئر کوٹری بیراج نے سپرنٹنڈنگ انجینئر بگھیاڑ سرکل حیدرآباد کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں دریائے سندھ کے پانی میں ٹوٹل ڈیزالْوڈ سالڈز (ٹی ڈی ایس) کی مقدار میں غیر معمولی اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
خط کے مطابق ستمبر میں دریائے سندھ کے پانی میں ٹی ڈی ایس کی مقدار 660 ملی گرام فی لیٹر ریکارڈ کی گئی تھی، جو یکم اکتوبر کو بڑھ کر 940 ملی گرام فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ اس اضافے کے باعث جامشورو، حیدرآباد اور کوٹری کو فراہم کیے جانے والے پانی کے مضرِ صحت ہونے پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ آلودہ پانی کے استعمال سے گردوں، ہیپاٹائٹس، جلد اور معدے کی مختلف بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو انسانی صحت کا سنگین بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ منچھر جھیل اور مٹیاری شوگر مل کا آلودہ پانی دریائے سندھ میں چھوڑنے پر پابندی عائد کی جائے اور سکھر بیراج سے کوٹری کی جانب فوری طور پر اضافی میٹھا پانی چھوڑا جائے تاکہ پانی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔








