ضلع ملاکنڈ میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد

ملاکنڈ میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد

ملاکنڈ: ضلع ملاکنڈ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ہر قسم کے اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ملاکنڈ محمد عارف خان یوسفزئی نے دفعہ 144 کے تحت پابندی کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق ضلع بھر میں ہوگا۔

جاری کردہ حکم نامے کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات، کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر عوامی و نجی مواقع پر اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہوائی فائرنگ نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے بلکہ اس سے کسی بھی وقت ناخوشگوار حادثہ پیش آنے کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے۔ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کے نتیجے میں ماضی میں بھی قیمتی جانوں کے ضیاع کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔

حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ متعلقہ حکام کو پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ سے اجتناب کریں اور ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

More News