وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے یوم فتح پر صدر الہام علیوف اورعوام کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے یومِ فتح پر صدر الہام علیوف اور عوام کو مبارکباد

8 نومبر آذربائیجان کی بہادر قوم کی جرات، عزم اور قربانیوں کی تاریخی یادگار ہے، پاکستان ہمیشہ برادر ملک کے ساتھ کھڑا رہے گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے یومِ فتح کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خصوصی پیغام میں آذربائیجان کی تاریخی فتح کو بہادر قوم کی جرات، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 8 نومبر آذربائیجان کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل اور قومی فخر کا دن ہے۔ یہ دن آذربائیجان کی بہادر قوم کی جدوجہد، حوصلے اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جس نے تقریباً تین دہائیوں کے بعد اپنی علاقائی سالمیت بحال کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی فتح اس کے عوام کے عزم، اتحاد اور اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا تاریخی ثبوت ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آزادی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ مشکل وقت میں ہمیشہ آذربائیجان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاکستان مستقبل میں بھی اپنے برادر ملک کی حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے گزشتہ سال باکو میں منعقد ہونے والی یومِ فتح کی پریڈ میں اپنی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر الہام علیوف کے ساتھ اس تقریب میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط، دیرینہ اور ناقابلِ شکست برادرانہ تعلقات کی عکاس تھی۔ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کی مسلسل ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی قفقاز کے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کی امید بھی ظاہر کی۔

More News