مالاکنڈ میں عوامی اجتماع سے امیر مقام کا خطاب، پی ٹی آئی پر کرپشن اور بدامنی کے الزامات، ترقیاتی منصوبوں کا اعلان
مالاکنڈ: وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے مالاکنڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عوام پاکستان اور پاک فوج سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ عوام کے سمندر نے ثابت کر دیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کے امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ عوام پاکستان سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ بھی اپنی محبت اور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو ریاست کے خلاف ورغلایا، اس دن ریاست مخالف نعرے لگائے گئے اور اس کے پیچھے موجود عناصر کو بھی جواب دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ دن گزر گئے جب صوبے میں لوٹ مار اور بدامنی کا دور تھا، اب امن اور خوشحالی کا دور آنا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورِ حکومت میں کرپشن اور لوٹ مار ہوئی، جس کا حساب دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ساتھیوں کا دور ختم ہو چکا ہے اور صوبے کے عوام عملی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔
امیر مقام نے گورنر راج کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ خیبرپختونخوا کے مفاد میں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ون پوائنٹ ایجنڈا عوام کے پیسے کو عوام پر خرچ کرنا ہے اور سرکاری وسائل کسی کی جیب میں نہیں جانے چاہئیں۔
انہوں نے معرکہ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کو مثالی شکست دی اور اسے بھاگنے پر مجبور کیا۔ اگر خاکی وردی اور افواج پاکستان نہ ہوتیں تو دشمن غالب آ جاتا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں نمایاں ہو کر ابھرا ہے۔
وفاقی وزیر نے مالاکنڈ کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے امن کے قیام کے لیے اپنے گھر بار چھوڑے، بے گھر ہو کر بھی پاکستان کا پرچم سربلند رکھا اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ کے عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے کہا کہ وہ ان کے لیے کل بھی قابل احترام تھے اور آج بھی ہیں۔ تاہم انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ سیاسی فیصلے کرتے وقت سوچ سمجھ کر قدم اٹھائیں۔
ترقیاتی منصوبوں کا اعلان
امیر مقام نے بٹ خیلہ میں واپڈا ڈویژن کے قیام اور بائی پاس کی منظوری کا اعلان کیا۔ انہوں نے مالاکنڈ کے ہسپتالوں، سکولوں اور کالجز کی حالت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ وہ صرف وفاق کے نہیں بلکہ مالاکنڈ ڈویژن اور سابق فاٹا کے عوام کے بھی نمائندہ ہیں۔ ان کے دفتر اور گھر کے دروازے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے کھلے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام تک عوام ٹیکس دینے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی ٹیکس کے نفاذ کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
امیر مقام نے آخر میں کہا کہ عوام کو اب نعروں کے بجائے عملی تبدیلی نظر آنی چاہیے اور حکومت کی ترجیح عوامی مسائل کا حل، امن کا قیام اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ہونی چاہیے۔








