اسلام آباد: ایچ آئی وی مخصوص گروپس سے نکل کر عام آبادی میں پھیل رہا ہے، ماہرین صحت

اسلام آباد میں ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ایچ آئی وی اب مخصوص گروپس تک محدود نہیں رہا بلکہ تیزی سے عام آبادی میں بھی پھیل رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ایک بڑی تعداد اپنی بیماری سے لاعلم ہے۔

ماہرین کے مطابق ملک میں تقریباً 79 فیصد افراد اپنی ایچ آئی وی اسٹیٹس سے بے خبر ہیں، جو صورتحال کو مزید خطرناک بنا رہا ہے۔ سابق وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ بچوں میں بڑھتے ہوئے کیسز صحت کے نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں، اور یہ بیماری اب عام آبادی اور بچوں دونوں میں پھیل رہی ہے۔

ڈاکٹر قائد سعید نے غیر محفوظ انجیکشنز اور آلودہ خون کو بڑی وجوہات قرار دیا، جبکہ ڈاکٹر رانا جواد اصغر کے مطابق بار بار سامنے آنے والے آؤٹ بریکس نظام صحت کی کمزوری کی نشاندہی کرتے ہیں۔

ماہرین نے زور دیا کہ بلڈ بینکوں کی سخت نگرانی، خون کی مکمل اسکریننگ، اور غیر محفوظ انجیکشنز کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق بعض اسپتالوں میں ایچ آئی وی سینٹرز غیر فعال ہیں اور مریضوں کا مکمل ڈیٹا بھی دستیاب نہیں، تاہم حکام نے جلد اعداد و شمار جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

More News