بونیر کی اہم سیاسی شخصیات زرشید خان اور انجینئر کاظم خان پیپلز پارٹی میں شامل

بونیر کی اہم سیاسی شخصیات زرشید خان اور انجینئر کاظم خان پیپلز پارٹی میں شامل

ملاکنڈ: بونیر کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات زرشید خان اور انجینئر کاظم خان نے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ دونوں رہنماؤں نے پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا سے ملاقات کے دوران پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور انہیں پارٹی ٹوپیاں پہنائیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر یوسف علی خان، ضلعی انفارمیشن سیکرٹری عبدالوارث خان، ضلعی کوآرڈینیشن سیکرٹری چودھری حسین علی، حلقہ پی کے 27 کے صدر امیر ولی خان، حلقہ پی کے 26 کے صدر حاجی شیر زمان خان آف باجکٹہ اور ضلعی رہنما سید مالک باچا بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران بونیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے، تنظیمی امور اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع میں جلد شمولیتی تقریب اور پرچم کشائی منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، جبکہ مزید اہم سیاسی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

اجلاس میں بونیر کے نوجوانوں کو درپیش روزگار کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔ شرکاء نے پولیس بھرتیوں میں ضلع کے نوجوانوں کے لیے کوٹے میں اضافے کا مطالبہ کیا۔ اس کے ساتھ گزشتہ تین سال سے ویٹنگ لسٹ میں موجود امیدواروں کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات میں تمباکو کے کاشتکاروں کو پرچیز سینٹرز کے حوالے سے درپیش مسائل بھی صوبائی صدر کے سامنے رکھے گئے۔ رہنماؤں نے ان مسائل کے حل اور کاشتکاروں کو درپیش مشکلات کے ازالے پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر ضلعی صدر یوسف علی خان نے سید محمد علی شاہ باچا کو بونیر میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال، موجودہ ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

سیاسی و سماجی شخصیات کی شمولیت اور آئندہ شمولیتی تقریب کے اعلان کو بونیر میں پیپلز پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 

More News