خیبر: جمرود پولیس کی منشیات کے خلاف تین کارروائیاں، 15 کلوگرام منشیات برآمد، 2 ملزمان گرفتار

خیبر: جمرود پولیس کی منشیات کے خلاف تین کارروائیاں، 15 کلوگرام منشیات برآمد، 2 ملزمان گرفتار

خیبر: ضلع خیبر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف پولیس کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جمرود پولیس نے تین مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 15 کلوگرام منشیات برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ تیسری کارروائی میں فرار ہونے والے موٹر سائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈی پی او خیبر وقار احمد کی قیادت میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او جمرود عدنان آفریدی کی نگرانی میں پولیس ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی۔

تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی باڑہ گیٹ کے مقام پر کی گئی، جہاں انچارج زرمت خان شہید چوکی تختہ بیگ شیر زلی اور پولیس اہلکار صادق خان نے ناکہ بندی کے دوران ایک مشتبہ موٹر کار کو روک کر تلاشی لی۔ اس دوران گاڑی سے 5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جس پر پولیس نے ملزم وسیم شاہ سکنہ شاکس کو گرفتار کرلیا۔

دوسری کارروائی علاقے وزیر ڈھنڈ میں عمل میں لائی گئی، جہاں پولیس اہلکار آفتاب خان نے ایک مشتبہ پیدل شخص کو روک کر تلاشی لی۔ دوران تلاشی ملزم کے قبضے سے 5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ پولیس نے ملزم مصنف شاہ ولد لیاقت علی، سکنہ شبقدر ضلع چارسدہ کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔

جمرود پولیس کی تیسری کارروائی خرکی بائی پاس پر کی گئی، جہاں اسسٹنٹ انچارج اختر منیر شہید چوکی مکرم شاہ نے ناکہ بندی کے دوران ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم موٹر سائیکل سوار نے رکنے کے بجائے رفتار تیز کردی اور کچھ فاصلے پر موٹر سائیکل چھوڑ کر قریبی گنجان آبادی میں فرار ہوگیا۔

پولیس نے موٹر سائیکل کو تحویل میں لے کر اس پر موجود بوری کی تلاشی لی، جس کے دوران 5 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے فرار ملزم کی گرفتاری اور مزید تفتیش کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

دریں اثنا ڈی پی او خیبر وقار احمد نے منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع خیبر میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ منشیات کے خاتمے اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

More News

Breaking

سانپ بھی مرے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے،V8 گاڑیوں کا شاہانہ تحفہ، فضل الرحمان، اسعد محمود اور ٹھیکیدار امان اللہ کا 19.28 ارب کا کرپشن ڈرامہ بے نقاب

این ایز ہائیڈ: 19.28 ارب روپے کے ترقیاتی ٹھیکوں، مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور وی ایٹ گاڑیوں کے تحائف کا معاملہ، فضل الرحمان اور اسعد

Read More »