سانپ بھی مرے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے،V8 گاڑیوں کا شاہانہ تحفہ، فضل الرحمان، اسعد محمود اور ٹھیکیدار امان اللہ کا 19.28 ارب کا کرپشن ڈرامہ بے نقاب

این ایز ہائیڈ: 19.28 ارب روپے کے ترقیاتی ٹھیکوں، مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور وی ایٹ گاڑیوں کے تحائف کا معاملہ، فضل الرحمان اور اسعد محمود سے متعلق نیب تحقیقات شروع

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے دور وزارت میں قومی شاہراہ اتھارٹی (این ایچ اے) کے اربوں روپے کے ترقیاتی ٹھیکوں، پاکستان ڈاک میں ہزاروں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور بے نامی جائیدادوں سے متعلق معاملات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تحقیقاتی دستاویزات میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، اسعد محمود اور بعض ٹھیکیداروں سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

تحقیقات کے مطابق اپریل 2022 سے اگست 2023 کے دوران این ایچ اے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں کی تقسیم میں مبینہ بے ضابطگیوں اور سیاسی اثر و رسوخ کے استعمال کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ نیب کے زیر غور تحقیقاتی ریکارڈ میں مخصوص ٹھیکیداروں کو نوازنے اور سرکاری منصوبوں کی تقسیم میں مبینہ مالی مفادات کے گٹھ جوڑ کی نشاندہی کی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق ٹھیکیدار امان اللہ خان، عمر جان اور منظور آفریدی سے منسلک تقریباً 19 ارب 28 کروڑ روپے کے ترقیاتی ٹھیکے بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔ نیب ان ٹھیکوں کی منظوری، تقسیم، مالیاتی معاملات اور متعلقہ افراد کے کردار کا جائزہ لے رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ سرکاری منصوبوں میں قواعد و ضوابط کی پابندی کی گئی یا سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے مخصوص ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچایا گیا۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان ڈاک کے ادارے میں 4 ہزار 252 مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کا معاملہ بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا ہے۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق ان بھرتیوں کے لیے فہرستوں کی تیاری اور دیگر معاملات میں ٹھیکیدار امان اللہ خان کے مبینہ کردار کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔ تحقیقاتی ادارے بھرتیوں کے طریقہ کار، متعلقہ منظوریوں اور امیدواروں کے انتخاب سے متعلق ریکارڈ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

بے نامی جائیدادیں اور وی ایٹ گاڑیوں کے تحائف

تحقیقاتی دستاویزات میں اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور میں واقع مکان نمبر 7 کا معاملہ بھی شامل ہے، جو مبینہ طور پر ٹھیکیدار امان اللہ خان کے نام رجسٹرڈ ہے، تاہم اسے مولانا فضل الرحمان کی زیر استعمال رہائش گاہ کے طور پر استعمال کیے جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے 30 اکتوبر 2026 کو مذکورہ مکان میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات، حفاظتی چوکیوں کی تنصیب اور سرکاری زمین پر جنریٹر کی تنصیب کے معاملے پر نوٹس جاری کیا تھا۔

تحقیقات میں سرکاری ٹھیکوں اور بھرتیوں کے عوض قیمتی جائیدادوں اور مہنگی وی ایٹ گاڑیوں کے مبینہ تحائف فراہم کیے جانے کے الزامات بھی شامل ہیں۔ ان معاملات میں مالی لین دین، اثاثوں کی ملکیت اور متعلقہ افراد کے درمیان روابط کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

این ایچ اے، ایف آئی اے اور سی ڈی اے سے ریکارڈ طلب

نیب نے تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے قومی شاہراہ اتھارٹی، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے متعلقہ ٹھیکوں، بھرتیوں، جائیدادوں اور گاڑیوں کا مالیاتی و انتظامی ریکارڈ طلب کیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق دستاویزات اور شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے گا، جبکہ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ ان معاملات میں شامل افراد پر عائد الزامات کی حتمی حیثیت کا تعین تحقیقات اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔

More News

Breaking

سانپ بھی مرے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے،V8 گاڑیوں کا شاہانہ تحفہ، فضل الرحمان، اسعد محمود اور ٹھیکیدار امان اللہ کا 19.28 ارب کا کرپشن ڈرامہ بے نقاب

این ایز ہائیڈ: 19.28 ارب روپے کے ترقیاتی ٹھیکوں، مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور وی ایٹ گاڑیوں کے تحائف کا معاملہ، فضل الرحمان اور اسعد

Read More »