غزہ کے ان بچوں کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں جن کے پاس پناہ کیلئے کوئی جگہ نہیں: وزیراعظم

غزہ کے ان بچوں کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں جن کے پاس پناہ کے لیے کوئی جگہ نہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں فلسطینی عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گھر فلسطینی بچوں کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں، جن کے پاس پناہ لینے کے لیے کوئی جگہ موجود نہیں اور وہ بھوک، شدید سردی اور بے بسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد سے محروم رکھنے کے اسرائیلی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ جنگ بندی اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری جارحیت ناقابل قبول ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ میں بے گھر ہونے والے بچوں اور خاندانوں کی حالت زار عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا سوال ہے۔ ایسے بچے جنہیں محفوظ پناہ گاہ، خوراک اور بنیادی ضروریات میسر نہیں، شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کی تصاویر دیکھ کر ہر درد مند انسان کا دل متاثر ہوتا ہے، جبکہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس انسانی المیے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ غزہ کے عوام کو بنیادی انسانی ضروریات سے محروم رکھنا انتہائی افسوسناک ہے۔ فلسطینی شہریوں کو خوراک، ادویات، صاف پانی، رہائش اور دیگر ضروری امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی بھی مذمت کی۔

دوسری جانب غزہ میں شدید بارشوں اور سرد موسم نے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بارشوں کے باعث ہزاروں خیمے متاثر ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں پہلے سے بے گھر افراد کو رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ امدادی سامان کی قلت نے بھی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی غرض سے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فلسطینی عوام تک امدادی سامان پہنچانے کے لیے عالمی اداروں اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے مؤثر بنائے جائیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے، جنگ بندی پر عمل درآمد اور فلسطینی عوام کو بلا رکاوٹ امداد کی فراہمی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

More News