وزیراعظم نے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت قرضوں کی حد ڈھائی کروڑ روپے کردی
وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو کاروبار اور زراعت کے شعبوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی ہے۔
لاہور میں وزیراعظم کی زیرصدارت دونوں قرضہ اسکیموں کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور کاروباری مواقع بڑھانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرضہ فراہمی کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں، جبکہ قرض حاصل کرنے کے لیے نوجوانوں کی عمر کی کم از کم حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کردی جائے۔ انہوں نے آسان اقساط پر ذاتی قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے مشاورت اور تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو 313.9 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں، جبکہ مالی سال 2026-27 کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو 292 ارب روپے کے قرضے دینے کا تخمینہ ہے۔







