پنجاب میں شدید گرمی کی لہریں زراعت اور غذائی تحفظ کے لیے خطرہ بن گئیں، اقوامِ متحدہ
اقوامِ متحدہ کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے بارانی دیہی علاقوں میں شدید گرمی کی لہروں کی بڑھتی ہوئی شدت اور تعداد زرعی پیداوار، دیہی معیشت اور غذائی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہے، جس سے بالخصوص خواتین اور کمزور طبقات متاثر ہو رہے ہیں۔
فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) اور ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق بڑھتا ہوا درجہ حرارت فصلوں کی پیداوار میں کمی کا باعث بن رہا ہے۔ پنجاب کے زیادہ بارش والے علاقوں میں پھلوں کی پیداوار میں 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث مویشیوں کی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے، بڑے جانوروں میں دودھ کی پیداوار کم ہو رہی ہے جبکہ چھوٹے مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ زرعی پیداوار میں کمی سے دیہی خاندانوں کی آمدنی متاثر ہونے کے ساتھ خوراک خریدنے کی صلاحیت بھی کم ہو رہی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے اداروں کے مطابق خواتین اس بحران سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ انہیں کھیتوں میں کام، پانی جمع کرنے اور گھریلو ذمہ داریاں بھی شدید گرمی میں انجام دینا پڑتی ہیں۔ حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کو صحت اور غذائیت کے حوالے سے اضافی خطرات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق درجہ حرارت میں ہر ایک ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے ساتھ قبل از وقت پیدائش کے امکانات میں 4 فیصد اضافہ وابستہ ہے، جبکہ گرمی کی لہروں کے دوران یہ خطرہ 26 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید خبردار کیا گیا ہے کہ اگر گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج مسلسل بڑھتا رہا تو 2100 تک دنیا کے تقریباً نصف مویشی خطرناک حد تک گرمی کی زد میں آسکتے ہیں، جس سے سالانہ تقریباً 40 ارب ڈالر کا نقصان متوقع ہے۔
اقوامِ متحدہ کے اداروں نے واضح کیا ہے کہ شدید گرمی اب محض موسمی مسئلہ نہیں بلکہ زراعت، غذائی تحفظ، دیہی معیشت اور انسانی صحت کے لیے عالمی چیلنج بن چکی ہے۔








