اقبال کے افکار پر عمل کرکے نوجوان نسل کو بااختیار بنانا ہوگا، گورنر خیبرپختونخوا

اقبال کے افکار پر عمل کرکے نوجوان نسل کو بااختیار بنانا ہوگا، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال کو نوجوان نسل سے بہت سی توقعات وابستہ تھیں، ان کے افکار کو صرف پڑھنے کے بجائے عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے۔ اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے، جس میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے بے نظیر یونیورسٹی پشاور میں یومِ اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی فکر نوجوانوں کو خود اعتمادی، محنت اور آگے بڑھنے کا درس دیتی ہے۔ ہمارے پاس باصلاحیت نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے لیے ترقی اور آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک عورت کی تعلیم صرف ایک فرد کی تعلیم نہیں بلکہ پوری نسل کی سرمایہ کاری ہے۔ معاشرے کی ترقی کے لیے خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ جامعات کی ذمہ داری صرف طلبہ کو ڈگریاں دینا نہیں بلکہ انہیں عملی زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنا بھی ہے۔ ہمیں ایسے تعلیمی ادارے قائم اور مضبوط کرنے ہوں گے جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ان کی صلاحیتوں کو بھی نکھاریں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ صوبے میں 36 یونیورسٹیاں موجود ہیں، جن کے لیے ایک جامع لائحہ عمل دیا جائے گا تاکہ انہیں اس مقام تک پہنچایا جا سکے جہاں وہ دیگر صوبوں کی جامعات کا مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے جامعات میں تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اساتذہ پندرہ روز تک احتجاج کریں تو اس سے طلبہ کی تعلیم اور تعلیمی سرگرمیوں میں ان کی دلچسپی متاثر ہوتی ہے۔ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کا جاری رہنا طلبہ کے مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا حکومت اور تعلیمی اداروں کی ترجیح ہونی چاہیے۔ علامہ اقبال کے تصورِ خودی اور ان کے خواب کی تکمیل کے لیے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ہوں گے تاکہ وہ ملک و صوبے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

 

More News