شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، مساجد میں قائم دہشت گردوں کے 2 ٹھکانے تباہ
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں موزک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے دو ٹھکانے تباہ کردیے، جبکہ بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، تیار شدہ آئی ای ڈیز، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 8 نومبر کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے مبینہ ٹھکانوں کے خلاف کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے مساجد میں قائم کیے گئے دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے جان بوجھ کر مساجد کو استعمال کیا تھا، جبکہ وہاں مبینہ طور پر تشدد کے مراکز بھی قائم کیے گئے تھے۔ فوجی ترجمان نے اسے عبادت گاہوں کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور مذہب کی من پسند تشریح و غلط استعمال ناقابلِ قبول ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کے دیگر ممکنہ ٹھکانوں کا بھی خاتمہ کیا جاسکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔








