مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا تیسرا اجلاس رواں ماہ پاکستان میں ہوگا
پاکستان رواں ماہ کے آخر میں مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور فوجی سربراہان شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کریں گے، جبکہ ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔
اجلاس کے دوران تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ باہمی تعلقات اور علاقائی سلامتی سے متعلق معاملات بھی زیرِ غور آنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ مکہ دفاعی اتحاد کی کمیٹی کے اس سے قبل دو اجلاس منعقد ہوچکے ہیں، جن میں سے ایک ترکیہ اور دوسرا سعودی عرب میں ہوا تھا۔ پاکستان میں ہونے والا تیسرا اجلاس تینوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیاسی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔








