پیربابا بازار میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بڑا کریک ڈاؤن، غیر قانونی لائٹس اور کالے شیشوں کے خلاف کارروائی

پیربابا بازار میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بڑا کریک ڈاؤن، غیر قانونی لائٹس اور کالے شیشوں کے خلاف کارروائی

بونیر: پیربابا بازار میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس نے بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے، جس کے دوران کالے شیشوں، غیر قانونی فینسی لائٹس، پریشر ہارن اور غیر قانونی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بونیر محمد عتیق شاہ کی خصوصی ہدایات پر پیربابا بازار میں ٹریفک قوانین اور گاڑیوں کے قانونی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم جاری ہے۔

کارروائی کی نگرانی ایس ایچ او تھانہ پیربابا انسپکٹر افسان خان، ایڈیشنل ایس ایچ او بخرور سید باچا، اے ایس آئی شیراز خان اور ٹریفک پولیس کے اہلکار کر رہے ہیں۔

اس مہم کے دوران گاڑیوں کے کالے شیشوں (ٹینٹڈ گلاسز)، غیر قانونی فینسی اور لیزر لائٹس، غیر مجاز ایمرجنسی سائرن، پریشر ہارن اور غیر قانونی نمبر پلیٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اس کریک ڈاؤن کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ، شہریوں کی حفاظت اور بازار میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا ہے۔ غیر قانونی لوازمات استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ڈی پی او بونیر محمد عتیق شاہ نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے شروع کی گئی یہ مہم کسی مخصوص مدت تک محدود نہیں ہوگی بلکہ آئندہ بھی مسلسل جاری رکھی جائے گی۔

پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے کاغذات، نمبر پلیٹس اور دیگر قانونی تقاضے مکمل رکھیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ محفوظ سڑکوں، پُرامن بازاروں اور قانون کی بالادستی کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

 

More News