لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہر زہریلی اسموگ کی لپیٹ میں، فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی

لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہر زہریلی اسموگ کی لپیٹ میں، فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی نے خطرناک صورتحال اختیار کرلی ہے، جہاں زہریلی اسموگ کے باعث شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ صبح 7 بجے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 337 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہر کی فضا انتہائی مضر صحت قرار دی گئی۔

اے کیو آئی پنجاب کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز اسی وقت فضائی آلودگی کی شرح 472 تھی، جس میں ایک روز کے دوران 135 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح بدستور تشویشناک ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملتان، اوکاڑہ، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال اور وہاڑی میں اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ننکانہ صاحب میں 493 اور رحیم یار خان میں 464 رہا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی آلودگی کی بلند شرح ریکارڈ کی گئی، جہاں ملتان روڈ پر اے کیو آئی 500، جی ٹی روڈ پر 446 اور شاہدرہ میں 341 رہا، جبکہ سی ای آر پی آفس کے مانیٹرنگ اسٹیشن پر یہ شرح 575 تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور 289 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر رہا، جبکہ نئی دہلی 232 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان میں ملتان 1026 اے کیو آئی کے ساتھ آلودہ ترین شہر قرار پایا۔

ماہرین نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

More News