لوئر دیر میں یومِ اقبال عقیدت و احترام سے منایا گیا، تیمرگرہ میں خصوصی تقریب کا انعقاد

لوئر دیر میں یومِ اقبال عقیدت و احترام سے منایا گیا، تیمرگرہ میں خصوصی تقریب کا انعقاد

لوئر دیر میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا یومِ ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں تیمرگرہ سینٹینیئل ماڈل ہائی اسکول میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عزا ارشد تھیں۔ اس موقع پر علامہ محمد اقبال کی قومی، ادبی اور فکری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب میں علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی، نوجوانوں کے کردار، خود اعتمادی، محنت اور بلند حوصلے کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ اقبال کا کلام نوجوان نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے اور ان کے افکار پر عمل کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر طلبہ کو اقبال کی شاعری اور فکر سے روشناس کرانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں بیداری، اتحاد اور خودداری کا جذبہ پیدا کیا اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے کا درس دیا۔

تقریب کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو شاعرِ مشرق کی زندگی، شاعری اور قومی خدمات سے آگاہ کرنا تھا تاکہ طلبہ ان کے پیغام کو سمجھتے ہوئے اپنی عملی زندگی میں اپنائیں۔

تقریب میں علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان کے افکار اور تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

 

More News