تربیلا سے دریائے سندھ میں اضافی پانی آج چھوڑے جانے کا امکان، مختلف اضلاع الرٹ

تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں اضافی پانی چھوڑے جانے کا امکان، اٹک اور ہری پور سمیت مختلف اضلاع الرٹ

تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید اضافی پانی آج رات چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر اٹک اور ہری پور سمیت مختلف علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کی توقع ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے دریا کے قریبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کے اخراج میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اٹک نے دریائے سندھ کے قریب واقع چھچھ گاؤں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ اسی طرح تحصیل حضرو کے مختلف علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور دریا کے قریب جانے سے گریز کریں۔ حضرو انتظامیہ کی جانب سے مختلف مساجد میں اعلانات بھی کیے گئے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو ممکنہ صورتحال سے بروقت آگاہ کیا جاسکے۔

اس سے قبل شام کے وقت تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ مشیر آبپاشی کے مطابق دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تربیلا ڈیم انتظامیہ کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح 1492 فٹ ریکارڈ کی گئی، جو ڈیڈ لیول سے 90 فٹ بلند ہے۔ ڈیم کا ڈیڈ لیول 1402 فٹ جبکہ زیادہ سے زیادہ سطح 1550 فٹ ہے۔ ڈیم میں پانی کی آمد 23 ہزار 400 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 18 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق تربیلا ڈیم کے 15 بجلی یونٹ کام کر رہے ہیں جبکہ 2 یونٹ بند ہیں۔ اس وقت بجلی کی پیداوار 656 میگاواٹ ہے۔

دوسری جانب تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا تھا۔ ترجمان واپڈا کے مطابق ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے اور منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ترجمان نے بتایا کہ تمام مقامی اور غیر ملکی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ٹنل نمبر پانچ منہدم ہونے کی اطلاعات بھی غلط قرار دی گئی ہیں، تاہم حادثے کے بعد توسیعی منصوبے پر کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

More News