علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں خصوصی تقریب

علامہ اقبال کے 150ویں یوم ولادت پر واشنگٹن ڈی سی میں خصوصی تقریب، پاکستانی سفیر کا شاعر مشرق کو خراج تحسین

واشنگٹن ڈی سی: شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 150ویں یوم ولادت کے موقع پر امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ، نامور شعراء، پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ رہنماؤں، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران مقررین نے علامہ اقبال کی قومی، فکری اور ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے پیغام کو نئی نسل تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ ہماری قومی زندگی کی فکری اساس علامہ اقبال کی بصیرت، افکار اور فلسفے سے وابستہ ہے۔ شاعر مشرق نے اپنی شاعری اور تصانیف کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خودمختاری اور حق خودارادیت کا شعور بیدار کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ایسے دور میں اپنے کلام کے ذریعے مسلمانوں کو فکری اور ذہنی غلامی سے نکلنے کا پیغام دیا جب برصغیر کے مسلمان نوآبادیاتی نظام کے زیر اثر مختلف پابندیوں اور مشکلات کا شکار تھے۔ ان کی شاعری نے مایوسی اور جمود کا شکار قوم میں نئی امید پیدا کی اور مسلمانوں کو اپنی الگ شناخت اور مستقبل کے لیے جدوجہد کرنے کا حوصلہ دیا۔

رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے اپنے افکار کے ذریعے تحریک پاکستان کی فکری بنیاد استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے کلام کا بنیادی محور خود شناسی، قومی بیداری اور نوجوانوں کو متحرک کرنا تھا۔ اقبال کا فلسفہ خودی انسان کو اپنی صلاحیتوں پہچاننے، بامقصد جدوجہد کرنے اور روحانی آزادی کے ذریعے اپنی تقدیر بدلنے کا درس دیتا ہے۔

پاکستانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو علامہ اقبال کی فکر اور ان درخشاں روایات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے جن کی بنیاد پر پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے پیغام کو عملی زندگی کا حصہ بنا کر ایک مضبوط، متحد اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کے 150ویں یوم ولادت کے موقع پر اس عزم کی تجدید کی جا رہی ہے کہ پاکستان کو ایک خوشحال، پرامن اور متحد ملک بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی، جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں سے حقیقت کا روپ دھارا۔

تقریب کے دوران نامور شعراء نے اپنا کلام پیش کرکے علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ مقررین نے ان کی شاعری، فلسفہ خودی اور قومی بیداری کے پیغام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے تقریب کے انعقاد پر سفارت خانہ پاکستان اور سفیر رضوان سعید شیخ کا شکریہ ادا کیا

More News