ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا سے لے کر پی ایس او اور ایس ایس جی پی ایل کو دے دیا گیا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اوگرا کی بجائے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی پی ایل) کو اختیار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملک بھر میں ایل پی جی سلنڈر گیس کی قومی قیمت مقرر کرنے کا اختیار پی ایس او اور ایس ایس جی پی ایل کو سونپ دیا ہے۔
حکام کے مطابق ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے اور قیمتوں میں کمی لانے کے لیے درآمدی انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایل پی جی سے بھرے جہازوں کے درآمدی آرڈرز جاری کردیے گئے ہیں، جو آئندہ ہفتے پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی اضافی درآمد سے ملک میں گیس کی دستیابی بہتر ہونے اور قیمتوں میں کمی آنے کی امید ہے، جس سے گھریلو صارفین کو ریلیف مل سکتا ہے۔
ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار ملک بھر میں نافذ ہونے کے بعد اس کے اثرات اور صارفین کو ملنے والے ریلیف سے متعلق صورتحال واضح ہوگی۔








