ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا کا خواتین سیکشنز میں مرد عملے کے غیر مجاز داخلے پر پابندی کا فیصلہ
پشاور: ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا نے تعلیمی اداروں کے خواتین سیکشنز میں مرد عملے کے غیر مجاز داخلے اور بار بار دوروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے بورڈ کی جانب سے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق مرد عملے کی جانب سے خواتین اداروں کے فیمیل سیکشنز میں بار بار جانے کے واقعات تشویش کا باعث ہیں، جبکہ اس عمل کو ادارہ جاتی نظم و ضبط، وقار اور ڈسپلن کے منافی قرار دیا گیا ہے۔
یہ مراسلہ تمام پرنسپلز، ورکنگ فوکس گرامر ہائی و ہائر سیکنڈری اسکولز، ووکیشنل اور ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹس کو ارسال کیا گیا ہے۔ ہدایات کے تحت کوئی بھی مرد ملازم پیشگی اجازت کے بغیر خواتین اسکول کے کسی فنکشن یا تقریب میں شرکت نہیں کر سکے گا، جبکہ کسی بھی تعلیمی ادارے کے فیمیل سیکشن میں داخلے کے لیے بھی اجازت لازمی ہوگی۔
مراسلے میں تمام پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر مجاز داخلے کی روک تھام یقینی بنائیں۔ کسی ناگزیر سرکاری ضرورت کے تحت خواتین سیکشن کا دورہ کرنے کے لیے مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری حاصل کرنا ہوگی، جبکہ دورہ متعلقہ ادارے کے سربراہ کی نگرانی میں کیا جائے گا۔
ورکرز ویلفیئر بورڈ نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ملازم کے ساتھ ادارے کے سربراہ کے خلاف بھی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جاری کردہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل قرار دی گئی ہیں اور ان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔








