قوم مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر وضاحت مانگ رہی ہے، ملک احمد خان
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم ان کے بیانات پر وضاحت مانگ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا سیاسی قد بڑا ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ اپنے مؤقف کو دلیل کے ساتھ واضح کریں۔
ملک احمد خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک عالم دین ہیں اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں، اس لیے ان کی بات ضرور سنی جانی چاہیے، تاہم انہیں اپنے ماضی کے فیصلوں اور سیاسی کردار کے حوالے سے بھی وضاحت دینی چاہیے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ماضی میں بعض جنگوں سے متعلق فیصلے پارلیمان نے نہیں کیے تھے، مولانا فضل الرحمان کو بھی وضاحت کرنی چاہیے کہ ان فیصلوں کے وقت پارلیمانی کردار کیا تھا۔
ملک احمد خان نے دہشتگردی کے خاتمے کو آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی موجودگی میں سرمایہ کاری اور ترقی ممکن نہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے جوان شہادتیں دے رہے ہیں اور نئی نسلیں بھی اس کے اثرات کا سامنا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پاک افواج سے محبت کرتے ہیں اور دہشتگردی کا خاتمہ قومی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ملک میں دہشتگردی کے حالات پیدا ہونے کا ذمہ دار کون ہے۔








