واٹس ایپ میں صارفین کی پرائیویسی مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے فیچر کی آزمائش

واٹس ایپ میں صارفین کی پرائیویسی مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے فیچر کی آزمائش

واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے، جس کے ذریعے صارفین خود فیصلہ کرسکیں گے کہ کون ان کا فون نمبر دیکھ سکتا ہے۔

واٹس ایپ نے جون 2026 میں یوزر نیم فیچر متعارف کرایا تھا، جس کا مقصد صارفین کو اپنا فون نمبر ظاہر کیے بغیر دوسرے افراد سے چیٹ کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ فیچر تاحال تمام صارفین کے لیے مکمل طور پر دستیاب نہیں، تاہم صارفین اپنے پسندیدہ یوزر نیم کا انتخاب کرکے اسے محفوظ کراسکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں فون نمبر کی پرائیویسی سے متعلق نئے فیچر پر کام جاری ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین کو چار مختلف آپشنز فراہم کیے جائیں گے، جن میں ایوری ون، مائی کانٹیکٹس، مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ اور نو باڈی شامل ہیں۔

ان آپشنز کے ذریعے صارفین طے کرسکیں گے کہ ان کا فون نمبر ہر شخص، صرف محفوظ شدہ کانٹیکٹس، مخصوص افراد یا کسی کو بھی نظر نہ آئے۔

تاہم یہ سہولت صرف یوزر نیم استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ہوگی۔ جو افراد پہلے سے کسی صارف کا فون نمبر جانتے ہیں، انہیں چیٹس اور کالز میں نمبر نظر آتا رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق فیچر پر ابھی کام جاری ہے اور اس کی باضابطہ دستیابی کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

More News