ربیعہ احسن قتل کیس، تفتیش میں نئے انکشافات، ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
نجی ٹی وی کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے تفتیش کے دوران ملزم احسن طاہر کے بدلتے بیانات کے پیش نظر اس کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کا ٹیسٹ کل لاہور میں کرایا جائے گا، جس کے ذریعے واقعے سے متعلق مزید حقائق جاننے اور بیانات کی تصدیق کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پولیس حکام کے مطابق پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ ہفتے کے روز موصول ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب تفتیشی ٹیم ملزم کو عدالت میں پیش کرکے مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا بھی کرے گی تاکہ کیس کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات آگے بڑھائی جا سکیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعے سے متعلق ایک اہم تفصیل سامنے آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ واقعے کے روز اتوار کو میاں بیوی الماری سے بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑے نکال رہے تھے۔ اسی دوران الماری سے پستول نکلا اور اسے ہاتھ میں اٹھانے کے بعد اچانک گولی چل گئی۔ ابتدائی بیان کے مطابق گولی ربیعہ احسن کی گردن کے نیچے لگی اور جسم کے پچھلے حصے سے باہر نکل گئی۔
تاہم پولیس ملزم کے بیانات اور واقعے کی تفصیلات کی مزید جانچ کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فائرنگ کن حالات میں ہوئی اور واقعے کی اصل وجوہات کیا تھیں۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے۔ جسم کے مختلف حصوں سے حاصل کیے گئے نمونے مزید تجزیے کے لیے لاہور کی لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملزم سے برآمد ہونے والا پستول اور جائے وقوعہ سے ملنے والا گولی کا خول بھی فرانزک تجزیے کے لیے ارسال کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے گھر میں کام کرنے والے 15 سالہ گھریلو ملازم کو ابتدائی تفتیش کے بعد واپس بھیج دیا ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ملازم کو تقریباً دو ہفتے قبل ملازمت پر رکھا گیا تھا۔
تفتیشی ٹیم آج دوبارہ جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی اور شواہد کا جائزہ لے گی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک تحقیقات میں غیرت کے نام پر قتل کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔
پولی گرافک ٹیسٹ، فرانزک رپورٹس اور مزید تفتیش کے نتائج کیس کی سمت واضح کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر حقائق سامنے لائے جائیں گے۔








